خوشخبری!وزیر تعلیم کانوجوانوں کیلئے بڑا اعلان

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے گلگت بلتستان کے نوجوانوں کے لیے 1,000 گوگل کیریئر اسکالرشپس دینے کا اعلان کیا ہے، جن کے ذریعے نوجوانوں کو ہزاروں ڈالر مالیت کے گوگل سرٹیفکیشن کورسز مفت کروائے جائیں گے۔

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب میں پنجاب حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے 500 طلبہ میں 6 کروڑ روپے سے زائد کی اسکالرشپس تقسیم کی گئیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ یہ اسکالرشپس وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے گلگت بلتستان کے طلبہ کے لیے تحفہ ہیں اور پنجاب کے تعلیمی وسائل میرٹ پر پورا اترنے والے ہر صوبے کے نوجوان کے لیے دستیاب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو صوبوں اور سیاسی وابستگی کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی سیاست نے ملک کو نقصان پہنچایا، جبکہ مسلم لیگ ن نوجوانوں کو سیاسی نعروں کا ایندھن نہیں بلکہ پاکستان کی ترقی کا اصل سرمایہ سمجھتی ہے۔

رانا سکندر حیات نے اعلان کیا کہ آئندہ چند دنوں میں آزاد کشمیر کے طلبہ کے لیے بھی اسکالرشپ کا پروگرام لے کر جائیں گے۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے نوجوانوں کی درخواست پر جلد لیپ ٹاپس فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔

وزیر تعلیم نے واضح کیا کہ نوجوانوں سے اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ کے بدلے ووٹ نہیں مانگے جائیں گے، کیونکہ تعلیمی معاونت حکومت کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب دوسرے صوبوں اور علاقوں کے نوجوانوں کو ترقی کے سفر میں ساتھ لے کر چلنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔