پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے 102ویں بورڈ اجلاس میں ملازمین کے لیے ایک بنیادی تنخواہ کے مساوی بونس کی منظوری دے دی گئی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق نجکاری کے بعد پی آئی اے سی ایل بورڈ کے پہلے اجلاس میں ملازمین کی فلاح و بہبود سے متعلق یہ اہم فیصلہ کیا گیا۔ بونس کی منظوری کا مقصد ملازمین کی حوصلہ افزائی کرنا اور ادارے کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔ نئی انتظامیہ نے افرادی قوت کو قومی ایئرلائن کی بحالی اور ترقی کی بنیاد قرار دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ملازمین کو نئے اہداف، پروازوں کے دائرہ کار میں توسیع اور مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ بورڈ نے ملازمین کو پی آئی اے کی بحالی کے عمل کا اہم ترین ستون بھی قرار دیا۔
پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ملازمین کی فلاح و بہبود اور ان کا اعتماد بحال کرنا نئی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جبکہ عالمی معیار کی فعال اور مضبوط قومی ایئرلائن کی تشکیل کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
ترجمان کے مطابق بونس کی منظوری سے ادارے کے آپریشنز، کسٹمر سروس اور مجموعی کارکردگی میں بہتری کی توقع ہے، جبکہ اس فیصلے کو نئی انتظامیہ کی مثبت شروعات قرار دیا گیا ہے۔






