پنجاب حکومت سالانہ 5 ارب روپے مریضوں کے علاج پر خرچ کر رہی ہے، عظمیٰ بخاری

لاہور (آن لائن) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری نے مزمل اسلم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میو ہسپتال میں 70 مریض پہلے ہی کینسر مشینوں سے مستفید ہو رہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں مزید 5 کینسر مشینیں کینسر ہسپتال، راولپنڈی اور فیصل آباد کے لیے پہنچ چکی ہیں اور کام شروع کر رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت سالانہ 5 ارب روپے مریضوں کے کینسر کے علاج پر خرچ کرتی ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مزید 5 کریوابلیشن مشینیں خرید کر تنصیب کے لیے روانہ کردی گئی ہیں۔

وزیر اطلاعات کے مطابق پنجاب میں پہلی مرتبہ کریوابلیشن مشین 2025 میں میو ہسپتال لاہور میں متعارف کرائی گئی، جہاں اسٹیج ون کے کینسر میں مبتلا 70 سے زائد مریضوں کا کامیابی سے مفت علاج کیا جاچکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ لاہور میں 2، نشتر ہسپتال ملتان، الائیڈ ہسپتال فیصل آباد اور بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی میں ایک، ایک مشین تنصیب کے لیے روانہ کردی گئی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے مزمل اسلم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لکھنے سے پہلے معلومات کی تصدیق کرلینی چاہیے۔ انہوں نے مزید سوال کیا کہ خیبر پختونخوا میں 17 سال کے دوران کیا کارنامے سرانجام دیے گئے ہیں؟