پاکستانی طلبہ کی شاندار کامیابی، 5 عالمی اعزازات اپنے نام کر لیے

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستانی طلبا نے عالمی پلیٹ فارم ہارورڈ ماڈل یونائیٹڈ نیشنز چائنا میں شاندار سفارتی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کردیا۔

مقابلے میں 70 سے زائد وفود نے شرکت کی، جہاں پاکستانی طلبا نے بہترین مندوب اور نمایاں سفارتی کارکردگی سمیت مجموعی طور پر 5 انفرادی اعزازات اپنے نام کیے۔

پاکستانی ٹیم کے ارکان نوین راج، محمد احمد حسین اور ملیحہ علی نے بہترین مندوب کے اعزازات حاصل کیے، جبکہ سلیقہ مرتضیٰ اور علیشبا وزیر کو بہترین سفارت کار کے اعزاز سے نوازا گیا۔

پاکستانی طلبا نے عالمی مسائل پر بحث کے دوران بہترین سفارت کاری، قیادت اور تنقیدی سوچ کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

لاہور کے طالب علم حسام معظم نے بھی پاکستان کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے آنریبل مینشن ایوارڈ حاصل کیا۔