اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے بیٹوں کے نائیکوپ (NICOP) دستاویزات تاحال مؤثر ہیں اور وہ جب چاہیں پاکستان آ سکتے ہیں، انہیں پاکستان آنے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں۔
اپنے ٹوئٹر بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کے بیٹوں نے آخری مرتبہ 2022 میں NICOP کے ذریعے پاکستان کا سفر کیا تھا، دونوں کے NICOP موجود اور قابلِ عمل ہیں، اس لیے یہ تاثر درست نہیں کہ حکومت انہیں پاکستان آنے کے لیے ویزا جاری نہیں کر رہی۔
وفاقی وزیر دفاع نے واضح کیا کہ NICOP کی موجودگی میں پاکستانی شہریوں کو پاکستان سفر کرنے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں ہوتی، لہٰذا عمران خان کے بیٹے بھی اس دستاویز کی بنیاد پر پاکستان آ سکتے ہیں۔
خواجہ آصف کے مطابق یہ کہنا کہ حکومت یا پی ٹی آئی کی جانب سے عمران خان کے بیٹوں کو پاکستان آنے کے لیے ویزا نہیں دیا جا رہا، درست نہیں۔ حکومتی مؤقف کے مطابق دونوں افراد کے NICOP بالترتیب جنوری 2030 اور نومبر 2032 تک مؤثر ہیں، تاہم سیکیورٹی اور سفری معاملات سے متعلق دیگر قانونی تقاضے اپنی جگہ لاگو ہو سکتے ہیں۔






