واٹس ایپ صارفین کیلئے ایک بہترین فیچر متعارف

واٹس ایپ صارفین کو ممکنہ فراڈ سے خبردار کرنے کے لیے ایک نیا اسکیم الرٹ فیچر متعارف کرا رہا ہے۔ یہ فیچر فی الحال اینڈرائیڈ کے نئے بیٹا ورژن میں دیکھا گیا ہے۔

اس فیچر کا مقصد نامعلوم نمبرز یا کانٹیکٹس سے موصول ہونے والے مشتبہ پیغامات کے بارے میں صارفین کو بروقت خبردار کرنا ہے۔ ممکنہ خطرے کی صورت میں چیٹ کے اندر ہی الرٹ ظاہر ہوگا، جس کی بنیاد پر صارف فیصلہ کرسکے گا کہ پیغام بھیجنے والے کو بلاک اور رپورٹ کرنا ہے یا اس پیغام پر اعتماد کرنا ہے۔

یہ فیچر خودکار طور پر کسی فراڈ کو روکنے کے بجائے صارف کو ممکنہ خطرے سے آگاہ کرے گا تاکہ وہ محتاط فیصلہ کرسکے۔ اسے صارف کو اپنی واٹس ایپ سیٹنگز سے خود فعال کرنا ہوگا اور یہ بائی ڈیفالٹ آن نہیں ہوگا۔

اس فیچر کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ مشتبہ پیغامات کا تجزیہ ڈیوائس کے اندر موجود مشین لرننگ ماڈل کے ذریعے کیا جائے گا۔ واٹس ایپ کے مطابق پیغام کا مواد کمپنی کے سرورز پر منتقل نہیں کیا جائے گا، جس سے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن برقرار رہے گی۔

فی الحال یہ فیچر بیٹا مرحلے میں ہے، اس لیے تمام صارفین کے لیے اس کی دستیابی کی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔