لاہور (آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کوچز کو کھیل کے لیے نقصان دہ قرار دے دیا۔
محمد یوسف نے ایکس پر انگلینڈ کے خلاف بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کی پرانی اور حالیہ ٹیسٹ میچ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چند سال قبل ہی بابر اعظم سمیت دیگر کھلاڑیوں کی تکنیکی خامیوں کی نشاندہی کی تھی، تاہم بدقسمتی سے کھلاڑیوں کے اردگرد موجود بعض کوچز نے انہیں ان مسائل پر کام کرنے کی اجازت نہیں دی۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ یہ تکنیکی خامیاں اُس وقت آسانی سے دور کی جا سکتی تھیں، لیکن مسائل حل نہ کیے جانے کے باعث آج پاکستان کرکٹ زوال کا شکار ہے۔
محمد یوسف نے کوچز پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوچز کھیل کے لیے زہر ہیں، ان میں وژن کی کمی ہے اور یہ کھلاڑیوں کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ ان کے مطابق انتہائی باصلاحیت کھلاڑیوں کو بھی غلط رہنمائی دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستانی کرکٹرز نے یہ نہیں سیکھا کہ کس کی بات سننی اور کس کے مشورے پر عمل کرنا ہے تو ان کے کیریئر مطلوبہ مدت سے بہت پہلے ختم ہو سکتے ہیں۔
محمد یوسف نے مزید کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی ناقص تکنیک اب بنگلا دیش سے لے کر انگلینڈ تک بری طرح بے نقاب ہو چکی ہے۔ جن خامیوں کو برسوں پہلے درست کیا جا سکتا تھا، وہ اب پاکستان کرکٹ کی واضح اور سنگین کمزوری بن چکی ہیں۔






