چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی منگنی سے متعلق خبریں اس وقت زیرِ بحث ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ان کے والد صدر آصف زرداری بات طے کرنے کے لیے آسٹریا کا دورہ کر رہے ہیں، اور بلاول بھٹو بھی اس وقت آسٹریا میں موجود ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بات طے پا گئی تو خاندان کی جانب سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا اور منگنی کی تقریب میں خاندان کے تمام افراد شریک ہوں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ صدر آصف زرداری کے ہمراہ نجی دورے پر ان کا ذاتی عملہ اور فوٹوگرافر بھی موجود ہیں۔ ایوانِ صدر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ صدر زرداری ایک نجی دورے پر آسٹریا گئے ہیں۔
دوسری جانب بلاول بھٹو کے ترجمان نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول کی منگنی اور شادی سے متعلق خبریں درست نہیں ہیں۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بھی تردیدی بیان میں کہا کہ بلاول بھٹو کی نہ شادی ہوئی ہے اور نہ نکاح ہوا ہے۔






