شدید گرمی میں لیسکو کا لاہور کے شہریوں کو سرپرائز! غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ

لاہور (آن لائن) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے باعث شدید گرمی اور حبس میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ٹاؤن شپ، گرین ٹاؤن، سبزہ زار اور سمن آباد کے رہائشیوں نے شکایت کی ہے کہ ان کے علاقوں میں وقفے وقفے سے کئی کئی گھنٹے بجلی بند کی جا رہی ہے، جس سے گھریلو اور کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔

اچھرہ، شادمان، علامہ اقبال ٹاؤن، مرغزار کالونی، چونگی امرسدھو اور تاج پورہ میں بھی بجلی کی بار بار بندش نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔

متاثرہ شہریوں نے بجلی کی غیر اعلانیہ بندش پر احتجاج کرتے ہوئے لیسکو حکام سے فوری نوٹس لینے اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں طویل لوڈشیڈنگ نے روزمرہ زندگی اور کاروباری امور کو شدید متاثر کر دیا ہے۔