ایکس کی بڑی پیشکش : صرف اسکرولنگ سے ہزاروں ڈالر کمائیں

ایکس (سابقہ ٹویٹر) نے امریکا میں اپنی نئی مالیاتی سروس “ایکس منی” متعارف کرا دی ہے، جس کے ذریعے صارفین سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے اندر ہی مختلف بینکنگ اور ادائیگی کی سہولیات استعمال کر سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق 28 جولائی سے یہ سہولت امریکا میں پریمیم اور پریمیم پلس صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ یہ اقدام ایلون مسک کے اس منصوبے کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے جس کے تحت ایکس کو ایک مکمل “ایوری تھنگ ایپ” میں تبدیل کرنے کا ہدف ہے۔

ایکس منی کے ذریعے صارفین رقم محفوظ رکھنے، بغیر ٹرانسفر فیس کے رقم بھیجنے، بلوں کی ادائیگی، وائر ٹرانسفر اور فزیکل چیک بھیجنے جیسی سہولیات حاصل کر سکیں گے۔ کمپنی نے ویزا ڈیبٹ کارڈ بھی متعارف کرایا ہے، جسے عام بینک کارڈ کی طرح استعمال کیا جا سکے گا۔

کمپنی کے مطابق صارفین کی رقوم کراس ریور بینک میں محفوظ رکھی جائیں گی، جو امریکی ایف ڈی آئی سی کا رکن ہے، جس کے تحت ہر صارف کے ڈپازٹس کو 250 ہزار ڈالر تک وفاقی انشورنس تحفظ حاصل ہوگا۔ اس کے علاوہ کیش سوئپ پروگرام کے ذریعے مخصوص شرائط پر رقوم مختلف شراکت دار بینکوں میں تقسیم کی جا سکتی ہیں، جس سے زیادہ تحفظ کی سہولت ممکن ہوگی۔

ایکس نے بتایا کہ پریمیم پلس صارفین اہل ڈپازٹس پر 6 فیصد سالانہ منافع (اے پی وائی) حاصل کر سکیں گے، جبکہ پریمیم صارفین مقررہ شرائط پوری کرنے کے بعد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

ماہرین کے مطابق یہ اقدام ایکس کو وینمو، کیش ایپ اور صوفی جیسی مالیاتی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے مقابلے میں لانے کی کوشش ہے۔ تاہم یہ سروس فی الحال صرف امریکا تک محدود ہے اور دیگر ممالک میں آغاز کے حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔