طالبعلموں کیلئےاہم خبر ، بین الاقوامی سکالرشپس کا اعلان

جرمن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (جی یو ٹیک) عمان نے بین الاقوامی طلبہ کے لیے بیچلرز اور ماسٹرز پروگرامز میں مختلف اسکالرشپس کا اعلان کیا ہے۔

اعلیٰ تعلیمی کارکردگی رکھنے والے طلبہ کو 100 فیصد ٹیوشن فیس معافی پر مبنی فل اسکالرشپ حاصل کرنے کا موقع دیا جائے گا، جبکہ میرٹ کی بنیاد پر منتخب امیدواروں کو ٹیوشن فیس میں 50 فیصد تک رعایت دی جا سکتی ہے۔ تمام بین الاقوامی طلبہ کے لیے ٹیوشن فیس میں 20 فیصد خصوصی رعایت بھی دستیاب ہوگی۔

پہلا سال کامیابی سے مکمل کرنے والے خود کفیل طلبہ کے لیے جرمن ڈی اے اے ڈی اسکالرشپ کے مواقع بھی موجود ہیں۔ یونیورسٹی انجینئرنگ، جیو سائنسز، اربن پلاننگ اور لاجسٹکس سمیت مختلف شعبوں میں تعلیمی مواقع فراہم کرتی ہے۔

طلبہ داخلے اور اسکالرشپ کے لیے یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ امیدواروں کا حتمی انتخاب اور تعلیمی معیار کا جائزہ جی یو ٹیک عمان کی جانب سے کیا جائے گا۔