تنخواہ ملنے کے دن ہونے والا نیا آن لائن فراڈ سامنے آگیا

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں ابوظہبی پولیس نے تنخواہوں کی ادائیگی کے دنوں میں بڑھتے ہوئے آن لائن فراڈ کے پیش نظر شہریوں اور رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سائبر مجرم مختلف پرکشش پیشکشوں اور جعلی ویب سائٹس کے ذریعے لوگوں کو مالی نقصان پہنچا رہے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ تنخواہوں کے دنوں میں فراڈ کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے، کیونکہ اس دوران سائبر کرمنلز سادہ لوح افراد کو مالی فوائد اور پرکشش اسکیموں کا لالچ دے کر ان کی ذاتی اور مالی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

حکام کے مطابق فراڈیے جعلی ویب سائٹس کے ذریعے جائیدادوں کی فرضی فہرستیں، جعلی ملازمتوں کی پیشکش، سرمایہ کاری کے جعلی منصوبے، رہائشی ویزا سروسز، لیبر سپلائی سروسز، غیر مجاز انشورنس مصنوعات اور کسٹمز کی جانب سے ضبط شدہ گاڑیوں کی جعلی نیلامی جیسے حربے استعمال کرتے ہیں۔

پولیس نے خبردار کیا کہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس، لگژری گھڑیوں کی غیر حقیقی کم قیمت پر فروخت، مالیاتی منڈیوں میں غیر معمولی منافع کے وعدوں، جعلی ایونٹ ٹکٹوں، جعلی ویب سائٹس اور مشکوک لنکس کے ذریعے بھی لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بعض اوقات سرکاری اداروں یا معروف کمپنیوں کا نام استعمال کرکے افراد کو ریموٹ ایکسیس سافٹ ویئر انسٹال کرنے پر آمادہ کیا جاتا ہے یا غیر موجود سامان، خدمات، تربیتی کورسز اور جعلی سرٹیفکیٹس کے لیے پیشگی رقم طلب کی جاتی ہے۔

ابوظہبی پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے بینک اکاؤنٹ کی معلومات، پاس ورڈز اور ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) کسی بھی شخص کے ساتھ ہرگز شیئر نہ کریں، خواہ درخواست کرنے والا خود کو کسی بھی ادارے کا نمائندہ ظاہر کرے۔ اس کے علاوہ کسی بھی آن لائن خرید و فروخت یا سروس کے لیے ادائیگی یا ڈپازٹ جمع کرانے سے پہلے متعلقہ فرد یا ادارے کی قانونی حیثیت کی تصدیق ضرور کریں، جبکہ سرکاری خدمات ہمیشہ سرکاری ویب سائٹس اور موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے ہی حاصل کریں۔

پولیس نے کہا ہے کہ مشتبہ آن لائن فراڈ یا دھوکا دہی کی صورت میں شہری فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

close