لاہور: حکومتِ پنجاب نے مویشی پال حضرات کی مالی معاونت اور دودھ و گوشت کی پیداوار میں اضافے کے لیے سی ایم پنجاب لائیو اسٹاک کارڈ اسکیم کے تیسرے مرحلے کے تحت درخواستوں کی وصولی شروع کر دی ہے، جس کے تحت اہل فارمرز کو 5 لاکھ 40 ہزار روپے تک کا بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا۔
اس اسکیم کے تحت رجسٹرڈ ڈیلرز سے جانوروں کی خوراک، سائلج، منرل مکسچر اور دیگر منظور شدہ غذائی مصنوعات کی خریداری کے لیے بلاسود مالی معاونت دی جائے گی۔ تیسرے مرحلے میں کارڈ ہولڈرز کو منظور شدہ قرض کی مجموعی رقم میں سے 25 فیصد تک نقد رقم نکالنے کی سہولت بھی دی گئی ہے تاکہ وہ دیگر ضروری اخراجات پورے کر سکیں۔
اہلیت
اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواست گزار کا پنجاب کا رہائشی ہونا ضروری ہے۔ درخواست دہندہ کے پاس کم از کم 5 اور زیادہ سے زیادہ 20 اہل بچھڑے یا بھینس کے کٹے موجود ہوں، جبکہ اس کے پاس قومی شناختی کارڈ اور اپنے نام پر رجسٹرڈ فعال موبائل نمبر ہونا لازمی ہے۔ اس کے علاوہ جانوروں کا لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ رجسٹرڈ اور تصدیق شدہ ہونا بھی ضروری ہے۔
درخواست دینے کا طریقہ کار
اسکیم کے تیسرے مرحلے کے لیے رجسٹریشن کا آغاز 15 جولائی 2026 سے ہو چکا ہے۔ دلچسپی رکھنے والے فارمرز plc.punjab.gov.pk پر آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ جانوروں کی رجسٹریشن یا درخواست کے عمل میں رہنمائی کے لیے اپنے قریبی سرکاری ویٹرنری اسپتال یا لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے سہولت مرکز سے بھی رجوع کیا جا سکتا ہے۔






