خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی نئی مراعات اور استثنیٰ کی تفصیلات سامنے آگئیں

خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی مراعات اور استحقاق سے متعلق نئے قانون کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت دونوں عہدوں کے لیے تنخواہوں، مراعات اور قانونی استثنیٰ سے متعلق نئی شقیں نافذ ہوں گی۔

اعلامیے کے مطابق اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو سرکاری استعمال کے لیے گاڑیاں رکھنے کا حق حاصل ہوگا، جبکہ سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی بھی اجازت ہوگی۔ بیرونِ ملک سرکاری دوروں کے دوران ان کے بچوں کے سفری ٹکٹوں کے اخراجات بھی حکومت برداشت کرے گی۔

قانون کے تحت اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو بعض قانونی کارروائیوں سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ ان کی رہائش گاہ پر کسی بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے کو تلاشی، داخلے یا چھاپے کے لیے متعلقہ قانونی طریقہ کار کے مطابق ہی کارروائی کرنا ہوگی، جیسا کہ قانون میں درج ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اسپیکر نئی اسمبلی کے اسپیکر کے انتخاب تک سرکاری رہائش گاہ استعمال کر سکیں گے۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی تنخواہوں میں اضافے کا اختیار اسمبلی کی فنانس کمیٹی کے پاس ہوگا۔

قانون کے مطابق دورانِ ملازمت حادثے میں وفات کی صورت میں اسپیکر یا ڈپٹی اسپیکر کے ورثا کو منظور شدہ مالی پیکیج فراہم کیا جائے گا۔ مزید برآں، اسپیکر کو ایک بلٹ پروف گاڑی سمیت تین سرکاری گاڑیاں جبکہ ڈپٹی اسپیکر کو دو سرکاری گاڑیاں رکھنے کا استحقاق حاصل ہوگا۔

close