نکیال: آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے-9 نکیال میں پولنگ کے دوران پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے درمیان تصادم میں پیپلز پارٹی کا ایک کارکن جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق واقعہ نکیال کے گاؤں دھیری میں پیش آیا، جہاں پولنگ کے دوران دونوں جماعتوں کے کارکن آمنے سامنے آ گئے۔ کشیدگی بڑھنے پر فائرنگ ہوئی، جس کے نتیجے میں مختار یونس موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ تین افراد زخمی ہوئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جا رہی ہے اور متعلقہ اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن سیل کے انچارج سردار عبدالشکور نے الزام عائد کیا کہ حلقہ ایل اے-9 نکیال میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار عمیر نعیم کے حامیوں کی جانب سے اسلحے کی نمائش اور عوام کو ہراساں کرنے کے دوران پیپلز پارٹی کے کارکن مختار یونس جاں بحق ہوئے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث تمام افراد کو فوری گرفتار کیا جائے، علاقے میں امن و امان بحال کیا جائے اور ووٹرز کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
سردار عبدالشکور کا کہنا تھا کہ چند روز قبل بھی سردار عمیر نعیم اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے اسلحے کی نمائش اور لوگوں کو خوفزدہ کرنے کی ویڈیو منظر عام پر آ چکی تھی۔ ان کے مطابق اگر اس وقت متعلقہ ادارے بروقت کارروائی کرتے تو اس افسوسناک واقعے سے بچا جا سکتا تھا۔
انہوں نے الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کر کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ انتخابی عمل پرامن ماحول میں مکمل ہو سکے۔






