پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے الزام عائد کیا ہے کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے انتخابات میں دھاندلی کر رہی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ میرپور کے عوام نے احتجاج یا انتشار کے بجائے ووٹ کی طاقت پر اعتماد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض پولنگ کیمپوں میں جشن کا ماحول ہے، جبکہ گزشتہ روز دھاندلی کے الزامات لگانے والوں کا آج اصل چہرہ عوام کے سامنے آ گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں بعض اوقات امیدواروں کے ساتھ ووٹوں کے تھیلے بھی غائب ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ ڈالنے والے عوام پنجاب حکومت کی کارکردگی، خصوصاً مریم نواز کے اقدامات کو سراہ رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ’’اپنی چھت، اپنا روزگار‘‘ جیسے پروگرام آزاد کشمیر میں بھی متعارف کرائے جائیں۔ ان کے مطابق انتخابات میں حصہ لینے والی دیگر جماعتیں کشمیر کو اپنے صوبوں کی طرز پر ترقی دینے کی بات نہیں کر رہیں۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ عوام کو بسیں فراہم کرنا ان کا حق ہے، لیکن جب کشمیر کی ترقی کی بات کی جاتی ہے تو بعض عناصر اعتراضات شروع کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنی کارکردگی عوام کے سامنے رکھ رہی ہے، کسی پر بے بنیاد الزامات نہیں لگائے اور نہ ہی کسی کی نقل یا توہین کی ہے۔ ان کے بقول پنجاب ترقی کا ایک کامیاب ماڈل بن چکا ہے۔
نواز شریف کے آزاد کشمیر کا وزیراعظم بننے سے متعلق بیان پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یہ ایک علامتی خواہش کا اظہار تھا۔ ان کے مطابق جس طرح نواز شریف پاکستان میں وزیراعظم اور پنجاب میں وزیراعلیٰ کی رہنمائی اور سرپرستی کر رہے ہیں، اسی طرح اگر آزاد کشمیر میں ان کی جماعت کی حکومت بنی تو وہ وہاں بھی قیادت کی سرپرستی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو کسی عہدے کے ٹائٹل کی ضرورت نہیں۔






