نکیال میں پیپلزپارٹی کارکن مختار یونس کی ہلاکت پر بلاول بھٹو زرداری کا اظہارِ افسوس، فائرنگ کے واقعے پر الیکشن کمیشن اور متعلقہ حکام سے جواب طلب

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے-9 کوٹلی 2 نکیال میں پارٹی کے کارکن مختار یونس کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار عمیر نعیم کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ان کے کارکن مختار یونس جان سے گئے۔ بلاول بھٹو زرداری نے سوال اٹھایا کہ نکیال میں ان کے کارکن کی جان چلی گئی، متعلقہ حکام کہاں ہیں اور الیکشن کمیشن کیا کر رہا ہے؟

انہوں نے مزید کہا کہ دو روز قبل بھی سردار عمیر نعیم اور ان کے ساتھیوں کی مبینہ کھلے عام فائرنگ کی ویڈیو منظرِ عام پر آئی تھی، تاہم اگر اس واقعے کا بروقت نوٹس لیا جاتا تو آج ایک انسانی جان ضائع نہ ہوتی۔

بلاول بھٹو زرداری کے مطابق مختار یونس، پیپلزپارٹی کے امیدوار جاوید بڈھانوی کے ساتھ مل کر بھرپور انتخابی مہم چلا رہے تھے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اپنی ممکنہ شکست سے گھبرا کر پاکستان پیپلزپارٹی کے مخالفین اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔

close