//

مہنگائی بے قابو، ٹماٹر، سبزیاں اور پھل پہنچ سے باہر

خانپور (آئی این پی): خانپور شہر اور گردونواح میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، جہاں روزمرہ استعمال کی بیشتر سبزیاں 100 روپے فی کلو سے زائد میں فروخت ہو رہی ہیں، جبکہ ٹماٹر کی قیمت بڑھ کر 380 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سرکاری نرخ نامے اور مارکیٹ میں وصول کی جانے والی قیمتوں میں واضح فرق سامنے آیا ہے۔ سرکاری ریٹ کے مطابق ٹماٹر 100 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم بازار میں یہ 380 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔

اسی طرح لہسن کا سرکاری نرخ 200 روپے جبکہ مارکیٹ میں 400 روپے فی کلو، لیموں کا سرکاری ریٹ 120 روپے جبکہ بازار میں 250 روپے فی کلو تک وصول کیے جا رہے ہیں۔

پھلوں میں بھی مہنگائی کا یہی حال ہے۔ آم کا سرکاری نرخ 200 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن مارکیٹ میں یہ 380 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ منڈیوں میں سرکاری نرخوں پر دستیاب اشیا دکانوں اور ریڑیوں پر دگنی قیمتوں پر فروخت کی جا رہی ہیں، جس سے عام آدمی کی قوتِ خرید بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

متاثرہ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے، ناجائز منافع خوری کا فوری نوٹس لیا جائے اور مصنوعی مہنگائی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close