لاہور (آئی این پی): لاہور میں سوئی گیس کی قلت کے باعث ایل پی جی کی طلب میں اضافے سے قیمتیں بے قابو ہو گئی ہیں، جبکہ نجی کمپنیوں کے 5 کلوگرام آٹے کے پیک بھی بدستور مہنگے داموں فروخت کیے جا رہے ہیں، جس سے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی سرکاری نرخ 241 روپے فی کلو کے بجائے 370 سے 410 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ بعض مقامات پر بلیک میں بھی فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔ چند روز کے دوران ایل پی جی کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سوئی گیس کا پریشر کم ہونے کے باعث وہ مجبوری میں ایل پی جی استعمال کر رہے ہیں، تاہم بڑھتی ہوئی قیمتوں نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی سرکاری نرخوں پر دستیاب کرائی جائے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب لاہور میں نجی کمپنیوں کے 5 کلوگرام آٹے کے پیک بھی سستے نہ ہو سکے۔ مختلف برانڈز کا آٹا 930 سے 1030 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جس کے باعث متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کو معیاری آٹا خریدنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت آٹے کی قیمتوں میں کمی لانے اور ضروری اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






