//

7 اگست کو ملک بھر میں سڑکیں بند کریں گے، منعم ظفر خان

کراچی (آئی این پی): امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کے نام پر عوام سے “بھتہ ٹیکس” وصول کیا جا رہا ہے، جس کے خلاف 7 اگست کو ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا اور سڑکیں بند کر کے حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے پر مجبور کیا جائے گا۔

ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم لیوی فوری طور پر ختم کی جائے۔ ان کے مطابق 7 اگست کو کراچی میں مزارِ قائد سے احتجاجی ریلی کا آغاز ہوگا، جس کے ذریعے حکومت پر عوامی مطالبات تسلیم کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جائے گا۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ عوام بارہا احتجاج کرتے ہیں، مگر حکمران ان کی آواز سننے کو تیار نہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم ایک دوسرے کو سہولت فراہم کر رہی ہیں، جبکہ عوامی مسائل کے حل کے بجائے ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالی جاتی ہے۔

انہوں نے کراچی میں مون سون بارشوں کے بعد کی صورتحال پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بارش کی چند بوندیں پڑتے ہی شہر کا نظام مفلوج ہو جاتا ہے۔ ان کے مطابق حالیہ بارش کے دوران تقریباً 200 بجلی کے فیڈر ٹرپ کر گئے، جس کے باعث شہریوں کو لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ بھاری بجلی کے بل اور مختلف ٹیکس ادا کرنے کے باوجود کراچی کے شہری بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شہر میں ایک بار پھر اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ ان کے بقول میئر کراچی عملی اقدامات کے بجائے صرف بیانات تک محدود ہیں اور شہر کا کچرا نالوں میں پھینکا جا رہا ہے، جس سے نکاسی آب کا نظام مزید متاثر ہو رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close