//

حویلی میں فیصل ممتاز راٹھور کے انتخابی دورے، مختلف برادریوں اور سیاسی جماعتوں کے سینکڑوں افراد پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار قانون ساز اسمبلی فیصل ممتاز راٹھور نے یونین کونسل کلالی اور یونین کونسل دیگوار اور فتح پور کا انتخابی دورہ کیا، جہاں مختلف برادریوں اور سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

اس موقع پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ ترقی، استحکام اور عوامی خدمت کی سیاست کو ووٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام مخالفین کے جھوٹے وعدوں اور منفی سیاست کو مسترد کر چکے ہیں۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ ان کی حکومت نے مختصر عرصے میں عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں، صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں عوام تیر کے نشان پر مہر لگا کر ترقی اور خوشحالی کے سفر کو مزید آگے بڑھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین کے پاس عوام کو دکھانے کے لیے کوئی کارکردگی نہیں، اسی لیے وہ بے بنیاد پروپیگنڈے کا سہارا لے رہے ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ میدان میں موجود ہے۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ گھر گھر جا کر پارٹی کا پیغام پہنچائیں اور انتخابی مہم کو مزید مؤثر بنائیں۔

تقریب سے مقامی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے افراد کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ حلقے میں پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close