لاہور (آئی این پی): پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے صوبے بھر میں موسلا دھار بارشوں، گرج چمک اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 24 سے 27 جولائی کے دوران لاہور سمیت جنوبی اور وسطی پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید بارش اور آندھی کا امکان ہے، جبکہ لاہور، گوجرانوالہ اور دیگر شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ بہاولپور، ملتان، سیالکوٹ، فیصل آباد اور رحیم یار خان میں بھی موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک اور گجرات میں 24 سے 26 جولائی کے دوران وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور عمارتوں، سولر پینلز اور بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
پی ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، جبکہ کسانوں کو فصلوں اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اتھارٹی نے تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے، ڈرینوں کی صفائی، بھاری مشینری کی دستیابی اور مؤثر ایمرجنسی رسپانس یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






