//

آن اسکرین مارکنگ اور خودکار رزلٹ سسٹم کی منظوری

کراچی (آئی این پی): سندھ کابینہ نے “سندھ بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اصلاحاتی پیکیج 2026” کی منظوری دے دی، جس کے تحت صوبے کے تمام سات تعلیمی بورڈز میں امتحانی نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔

منظور شدہ اصلاحات کے تحت تعلیمی بورڈز میں ایگزامینیشن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (EMIS) نافذ کیا جائے گا، جس کے ذریعے امتحانات میں او ایم آر سسٹم، آن اسکرین مارکنگ اور خودکار رزلٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔ اس اقدام سے نتائج کی تیاری میں انسانی غلطیوں کے امکانات کم ہونے کی توقع ہے۔

اصلاحاتی پیکیج کے مطابق طلبہ کو کیو آر کوڈ پر مبنی ڈیجیٹل اسناد جاری کی جائیں گی، جبکہ ان اسناد کی آن لائن تصدیق کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

سندھ کابینہ نے ان اصلاحات پر عملدرآمد کے لیے 24 ماہ پر مشتمل منصوبے کی بھی منظوری دی ہے اور یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ ضروری قانون سازی کی تجاویز جلد پیش کی جائیں۔

کابینہ نے تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز کی تقرری کے لیے عمر کی حد 55 سال سے بڑھا کر 63 سال کرنے کی بھی منظوری دی، تاکہ زیادہ تجربہ کار امیدواروں کو قیادت کے مواقع مل سکیں۔

اس کے علاوہ میٹرک بورڈ کراچی اور انٹرمیڈیٹ بورڈ حیدرآباد کے چیئرمینز کی آسامیوں کو دوبارہ مشتہر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ تاہم حکومت نے واضح کیا ہے کہ پہلے سے موصول ہونے والی درخواستیں برقرار رہیں گی اور ان پر بھی غور کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close