بجلی صارفین کے لیے ایک اور اضافہ متوقع، فی یونٹ قیمت میں 1 روپے 20 پیسے اضافے کی درخواست
ملک بھر میں بجلی صارفین کے لیے ایک اور قیمت بڑھنے کا امکان ہے، جس کے تحت بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 1 روپے 20 پیسے تک اضافے کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے جون 2026 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو ارسال کی ہے۔
نیپرا کے مطابق سی پی پی اے کی درخواست پر 29 جولائی کو عوامی سماعت ہوگی، جس کے بعد اتھارٹی بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ کرے گی۔
سی پی پی اے کی درخواست میں بتایا گیا ہے کہ جون 2026 میں ملک میں 13 ارب 43 کروڑ 10 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، جبکہ تقسیم کار کمپنیوں کو 13 ارب یونٹس سے زائد بجلی فراہم کی گئی۔
درخواست کے مطابق جون میں بجلی کی اوسط پیداواری لاگت 8 روپے 91 پیسے فی یونٹ رہی، جبکہ ریفرنس لاگت 7 روپے 71 پیسے فی یونٹ مقرر تھی، جس کے باعث فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت اضافے کی درخواست دائر کی گئی۔
سی پی پی اے کے مطابق جون میں بجلی کی پیداوار میں پن بجلی کا حصہ 39.03 فیصد، مقامی کوئلے کا 10.11 فیصد، درآمدی کوئلے کا 12.65 فیصد، مقامی گیس کا 6.45 فیصد، درآمدی ایل این جی کا 11.02 فیصد، جوہری توانائی کا 13.40 فیصد، ہوا سے بجلی کا 5.03 فیصد، شمسی توانائی کا 0.82 فیصد جبکہ فرنس آئل کا حصہ 0.74 فیصد رہا۔
اگر نیپرا درخواست منظور کر لیتا ہے تو بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق آئندہ ماہ کے بجلی بلوں میں کیا جا سکتا ہے، تاہم حتمی فیصلہ عوامی سماعت کے بعد کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






