مون سون بارشوں کے دوسرے اسپیل کا الرٹ جاری، پنجاب سمیت مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان
مون سون بارشوں کے دوسرے اسپیل کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) اور محکمہ موسمیات کے مطابق 19 سے 23 جولائی کے دوران پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور دیگر وسطی و بالائی اضلاع میں شدید بارشیں متوقع ہیں، جبکہ جنوبی پنجاب کے علاقوں بہاولپور، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں 20 سے 24 جولائی کے دوران بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ، جبکہ ندی نالوں اور نالہ لئی میں طغیانی کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 18 سے 25 جولائی کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے تحت کشمیر، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، راولپنڈی، پنجاب، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔
سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم چند مقامات پر بارش بھی ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ، جبکہ پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں ندی نالوں میں طغیانی کے خدشات کا اظہار کیا ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





