//

پلنگی اور فارورڈ کہوٹہ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت، وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کیجانب سےعوامی اعتماد کو کارکردگی کی سیاست کی کامیابی قرار

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے پلنگی اور پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہاؤس فارورڈ کہوٹہ میں منعقدہ عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت، جمہوریت، ترقی اور عوامی حقوق کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں، بالخصوص مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد نے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت نے مختصر عرصے میں عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں، جن کے مثبت نتائج عوام کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا پیپلز پارٹی پر اعتماد ہی پارٹی کی سب سے بڑی طاقت ہے اور مختلف سیاسی جماعتوں سے لوگوں کی شمولیت اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ عوام نے خدمت اور کارکردگی کی سیاست کو قبول کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حویلی کے عوام کی محبت اور اعتماد ان کا قیمتی سرمایہ ہے، جس کے بدلے وہ علاقے کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے پہلے سے بڑھ کر محنت کریں گے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کرے گی اور آزاد کشمیر کے ہر علاقے کی یکساں ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے نئے افراد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پارٹی تمام کارکنوں کو ساتھ لے کر آزاد کشمیر کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close