//

مون سون کے دوران ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت

لاہور (آئی این پی): لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد رمضان بٹ نے مون سون سیزن کے دوران سیفٹی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد اور صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

لیسکو ہیڈکوارٹر میں چیف ایگزیکٹو آفیسر کی زیر صدارت فنکشنل ہیڈز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیفٹی امور، مون سون کی تیاریوں اور صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرز (ایس ایز)، ایکسینز اور ڈپٹی کمرشل منیجرز (ڈی سی ایمز) نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ لیسکو میں سیفٹی کے حوالے سے زیرو ٹالرینس پالیسی پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسانی جان سے بڑھ کر کوئی چیز قیمتی نہیں، اس لیے حفاظتی ایس او پیز کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مون سون کے دوران فیلڈ اسٹاف ہر وقت متحرک رہے اور بجلی کے ترسیلی نظام کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔

سی ای او لیسکو نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ بارشوں کے دوران بجلی کی تنصیبات، کھمبوں اور ٹوٹی ہوئی تاروں سے دور رہیں اور کسی بھی خطرناک صورتحال کی فوری اطلاع لیسکو کو دیں۔

انہوں نے کہا کہ صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی اور شکایات کا بروقت ازالہ لیسکو کی اولین ترجیح ہے، جبکہ تمام افسران اور اہلکار صارفین کے ساتھ خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ رویہ اختیار کریں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ مون سون کے دوران تمام فیلڈ فارمیشنز ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ہر وقت مکمل طور پر تیار رہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close