لاہور (آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ورلڈ یوتھ اسکلز ڈے کے موقع پر نوجوانوں کو ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انہیں آئی ٹی، فری لانسنگ اور ٹیکنیکل شعبوں میں آگے بڑھنے کی تلقین کی۔
اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور جدید مہارتوں سے لیس نوجوان ہی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان کے بقول نوجوان کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ اور مستقبل کے معمار ہوتے ہیں، اسی لیے پنجاب حکومت نے انہیں ہنر مند بنانے کے لیے خطیر فنڈز مختص کیے ہیں۔
مریم نواز نے بتایا کہ آسان کاروبار اور آسان فنانس اسکیم کے تحت ایک لاکھ آٹھ ہزار سے زائد افراد کو قرض فراہم کیا جا چکا ہے، جبکہ آسان کاروبار اسکیم کے ذریعے نوجوانوں کو 10 لاکھ سے 3 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضے دیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایگریکلچر انٹرن شپ پروگرام کے تحت 2 ہزار نوجوانوں کو ماہانہ 60 ہزار روپے وظیفہ دیا جا رہا ہے، جبکہ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس میں عالمی معیار کے مطابق ٹیکنالوجی، کنسٹرکشن، ویلڈنگ، ٹائل فکسنگ، ہیوی وہیکل مینٹیننس اور دیگر جدید کورسز کرائے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق پنجاب بھر سے 10 ہزار نوجوانوں کو بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں پہلی بار نصاب میں ای کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور جدید آئی ٹی کورسز شامل کیے گئے ہیں، جبکہ سحر پروگرام کے تحت صوبے کی 5,365 خواتین کو بیوٹی، ہاسپیٹلٹی اور ایئرلائن مینجمنٹ سمیت مختلف جدید شعبوں میں تربیت دی جا رہی ہے۔ اس پروگرام کے تحت خواتین کو مفت لیپ ٹاپ اور ماہانہ 7,500 روپے وظیفہ بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






