لاہور (آئی این پی): ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایات پر صوبے بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف جاری خصوصی کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ تمام چیف ٹریفک آفیسرز اور ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ محفوظ سفر اور ٹریفک کی بلا تعطل روانی یقینی بنانے کے لیے فیلڈ میں مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران صوبے بھر میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف 51 ہزار سے زائد چالان کیے گئے، جبکہ لاہور میں مختلف سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں پر 16 ہزار سے زائد چالان ٹکٹس جاری کیے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق اسی مدت میں ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے 15 ہزار سے زائد ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کی گئی، دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے پر 18 ہزار سے زائد افراد کے چالان کیے گئے، جبکہ سیٹ بیلٹ نہ باندھنے والے 11 ہزار سے زائد شہریوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق صوبے بھر میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی صرف قانون شکنی نہیں بلکہ اپنی اور دوسروں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کا لازمی استعمال کریں، دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون سے گریز کریں اور ون وے سمیت تمام ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ محفوظ اور منظم ٹریفک نظام کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب میں محفوظ سڑکوں اور آسان سفر کے لیے بلاامتیاز قانون پر عملدرآمد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






