کراچی (آئی این پی) کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت جوڑیا بازار ٹریڈرز ایسوسی ایشن، کراچی آٹا چکی ایسوسی ایشن اور دیگر متعلقہ نمائندوں کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں آٹے کی قیمت میں 8 روپے فی کلو کمی کے فیصلے پر عملدرآمد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جوڑیا بازار کے تاجر اور آٹا چکی مالکان بھی فلور ملز مالکان کے ساتھ ایکس مل آٹے کی قیمت میں 8 روپے فی کلو کمی کے فیصلے پر مکمل عمل کریں گے۔
جوڑیا بازار ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری عبدالقادر نورانی اور کراچی آٹا چکی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری انیس شاہد نے انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی کہ ڈھائی نمبر آٹا، فائن آٹا اور چکی آٹا نئی قیمت کے مطابق 8 روپے فی کلو کمی کے ساتھ فروخت کیا جائے گا۔
دوسری جانب سپر اسٹورز کے نمائندوں نے بھی کراچی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ وہ آٹے کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد کریں گے۔
اجلاس میں کراچی کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور قیمتوں پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






