//

آزاد کشمیر کے انتخابات تک یہیں رہوں گا، پیپلزپارٹی عوامی مسائل کے حل اور آئینی حقوق کے لیے پرعزم ہے، بلاول بھٹو زرداری

مظفرآباد:  پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات تک یہیں قیام کریں گے اور انتخابی مہم کی خود قیادت کریں گے، جبکہ پارٹی کشمیری عوام کے مسائل کے حل اور آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

مظفرآباد میں بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ صدارت ریاستی حکام، پارٹی عہدیداران اور ٹکٹ ہولڈرز کا اجلاس ہوا، جس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال، انتخابی مہم اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر، صدر پیپلزپارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، سینئر وزیر میاں وحید اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران پارٹی قیادت کو بریفنگ دی گئی کہ پیپلزپارٹی پورے آزاد کشمیر میں بھرپور انتخابی مہم چلا رہی ہے اور ہر حلقے میں امیدوار عوامی رابطہ مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہر دور میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر آمد سے قبل نائب وزیراعظم سے عوام کو درپیش رسد و فراہمی کے مسائل کے حل پر بھی بات کی۔

انہوں نے احتجاج کرنے والوں پر زور دیا کہ 30 روزہ احتجاج کے بعد اب مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے، کیونکہ مسائل کا مستقل حل آئینی اور جمہوری طریقہ کار کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے انتخابات کے بائیکاٹ کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنانا ہوگا۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں آزاد کشمیر کی عبوری نمائندگی اور این ایف سی سمیت اہم آئینی فورمز میں کشمیری نمائندوں کو شامل کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انتخابات کے بعد تمام متعلقہ فریقین پر مشتمل ایک آئینی فورم قائم کیا جانا چاہیے تاکہ کشمیری عوام اپنے مستقبل سے متعلق فیصلوں میں براہِ راست شریک ہو سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی تعاون اور سیاسی جماعتوں کے اتفاقِ رائے سے احتجاج کرنے والوں کے مطالبات پورے کیے گئے، اب وقت سیاسی استحکام اور مذاکرات کی راہ اختیار کرنے کا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آزاد کشمیر میں نفرت اور تقسیم کی سیاست نہیں چاہتے اور انتخابات تک آزاد کشمیر میں رہ کر انتخابی مہم کی خود قیادت کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close