لاہور (آئی این پی) چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر شہر بھر کے ٹریفک سگنلز پر بھیک مانگنے والوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کے دوران 99 بھکاریوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق انسپکٹر فہمیدہ ذیشان کی سربراہی میں بیگرز ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف ٹریفک سگنلز سے 99 بھکاریوں کو حراست میں لیا۔ گرفتار افراد میں سے بالغ بھکاریوں کو سوشل ویلفیئر اور ایدھی ہومز جبکہ لاوارث بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر دیا گیا۔
سی ٹی او لاہور نے سیف سٹی کی ٹریفک مانیٹرنگ ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ لمحہ بہ لمحہ فیلڈ عملے سے رابطے میں رہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی ٹریفک سگنل پر کوئی بچہ، بزرگ، خاتون، خواجہ سرا یا معذوری کی آڑ میں بھیک مانگنے والا نظر نہ آئے۔
انہوں نے بتایا کہ گداگری کے خاتمے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور کارروائی کے لیے بڑی بسیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ نادرا کے تعاون سے گرفتار بھکاریوں کا ڈیٹا اکٹھا کر کے ان کے خلاف ایف آئی آرز درج کی جا رہی ہیں، جبکہ رات کے اوقات میں ٹریفک سگنلز کو نقصان پہنچانے والے بھکاریوں کی بھی تلاش جاری ہے۔
عبدالرحیم شیرازی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پیشہ ور بھکاریوں کی حوصلہ افزائی نہ کریں، کیونکہ ان کی سرگرمیوں سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ حادثات کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض عادی گداگر ہمدردی حاصل کرنے کے لیے جعلی معذوری کا سہارا لیتے ہیں، اس لیے شہری ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی میں ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






