//

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی کر کے رپورٹ الیکشن کمیشن کو بھجوائی جائے، الیکشن کمیشن

مظفرآباد (آئی این پی): چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے 27 جولائی 2026 کو ہونے والے عام انتخابات کے سلسلے میں ریٹرننگ افسران اور ڈپٹی کمشنرز کو ضابطۂ اخلاق پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے اور خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کر دی۔

چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت عام انتخابات 2026 کے انتظامات سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں انتخابی ضابطۂ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد اور خلاف ورزی کی ہر رپورٹ فوری طور پر الیکشن کمیشن کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں سینئر ممبر الیکشن کمیشن خواجہ محمد احسن، ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی، سیکریٹری الیکشن کمیشن راجا محمد شکیل خان، کمشنر مظفرآباد ڈویژن، ڈپٹی کمشنرز نیلم، مظفرآباد اور جہلم ویلی، ایس ایس پی مظفرآباد اور متعلقہ اضلاع کے پولیس افسران نے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق پولنگ اسٹیشنز پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مؤثر سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے تاکہ ووٹرز پرامن ماحول میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔

اجلاس میں پولنگ میٹریل، بیلٹ باکسز اور انتخابی عملے کی بروقت ترسیل کے لیے موومنٹ پلان کو حتمی شکل دینے، جبکہ انتخابی نتائج کی بروقت وصولی اور کنٹرول روم تک ترسیل کے لیے جامع انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

ڈپٹی کمشنرز کو انتخابی عملے اور پولنگ سامان کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے، کم سے کم گاڑیوں کے مؤثر استعمال اور اسمبلی پوائنٹس مقرر کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ الیکشن کمیشن آزاد، منصفانہ، شفاف اور غیرجانبدار انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہا ہے، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو پرامن اور شفاف انتخابی عمل یقینی بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close