//

مون سون کے خطرات کے پیشِ نظر ہائی الرٹ جاری

پشاور (آئی این پی): مون سون بارشوں کے ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر خیبرپختونخوا میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ، دریائی طغیانی اور گلیشیئر جھیل پھٹنے کے خدشات کے باعث تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے۔

سرکاری حکام کے مطابق وفاقی اور خیبرپختونخوا حکومت کے اعلیٰ حکام نے مون سون سیزن کے حوالے سے ہنگامی تیاریوں کا جائزہ لیا اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں قدرتی آفات کے بڑھتے ہوئے خطرات پر تشویش کا اظہار کیا۔

حکام نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے تمام 37 اضلاع میں مون سون ایمرجنسی پلان فعال کر دیا گیا ہے، جبکہ خطرات کے جائزے کے بعد 11 اضلاع کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، جہاں فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ، دریائی طغیانی اور گلیشیئر جھیل پھٹنے کے امکانات زیادہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حساس مقامات کی نشاندہی کر کے ضلعی ہنگامی منصوبوں کو اپ ڈیٹ کیا جا چکا ہے اور انہیں صوبائی نظام سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ عوامی آگاہی مہم تیز کر دی گئی ہے اور رضاکاروں کی تربیت بھی مکمل کر لی گئی ہے۔

حکام کے مطابق ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انخلا کے راستے، امدادی مراکز، ریسکیو آلات، مواصلاتی نظام اور ہنگامی مشینری مکمل طور پر تیار رکھی گئی ہے، جبکہ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز اور ضلعی انتظامیہ کو مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close