//

پاکستان مکمل یکجہتی کے ساتھ سعودی قیادت کے شانہ بشانہ ہے، وزیراعظم

اسلام آباد (آئی این پی): وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر حملے ناقابلِ قبول ہیں اور یہ خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور تحفظ کے لیے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں برادر ملک کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام، سلامتی اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے لیے ہر مخلصانہ سفارتی کوشش کی حمایت جاری رکھے گا۔

دوسری جانب اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے یمن سے متعلق ہنگامی اجلاس میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے بھی سعودی عرب پر حوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے، جبکہ یمن کی خودمختاری، آزادی، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی بھی حمایت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات، سفارتکاری اور تحمل کا راستہ اختیار کرنا ناگزیر ہے۔

واضح رہے کہ سعودی اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی جانب بیلسٹک میزائل فائر کیے، تاہم سعودی فضائی دفاعی نظام نے انہیں فضا ہی میں تباہ کر دیا۔ اس سے قبل حوثیوں نے صنعا ایئرپورٹ پر سعودی فضائی حملوں کا الزام عائد کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی دھمکی دی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close