مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتوں کو بڑا جھٹکا، درجنوں رہنماؤں کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے سیاسی امور کی انچارج محترمہ فریال تالپور سے وزیر برقیات آزاد کشمیر چوہدری ارشد حسین اور قانون ساز اسمبلی کے امیدوار چوہدری صہیب ارشد نے حلقہ ایل اے-4 کھڑی شریف کے ایک نمائندہ وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔

ملاقات میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما چوہدری محمد ریاض، ڈی جی پولیٹیکل افیئرز عامر ذیشان جرال، پولیٹیکل اسسٹنٹ سید عزادار حسین کاظمی، چیئرمین علماء و مشائخ صاحبزادہ ذوالفقار، خواجہ سردار شکور صدیق سمیت حلقہ کھڑی شریف کی متعدد سیاسی و سماجی شخصیات شریک ہوئیں۔

اس موقع پر چیئرمین راجہ خلیل خان، ملک رفیق اعوان، چوہدری محمد سلیم، چوہدری اظہر محمود، راجہ زاہد، چیئرمین محمود، چوہدری خالد آرائیں، چوہدری علی شان، چیئرمین چوہدری نعیم، خواجہ توقیر، راجہ عمران سیٹھی، چوہدری مظہر اقبال اور دیگر رہنماؤں نے اپنے خاندانوں اور ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر میں شمولیت کا اعلان کیا اور چوہدری صہیب ارشد کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محترمہ فریال تالپور نے نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت انہیں مرحوم بیرسٹر سلطان محمود کی یاد دلاتی ہے، جنہوں نے اپنی علالت کے دوران ان لوگوں کا ہاتھ ان کے ہاتھ میں دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کھڑی شریف سے اتنی بڑی تعداد میں نمائندہ شخصیات کی پیپلز پارٹی میں شمولیت خوش آئند ہے اور انہیں یقین ہے کہ عوام چوہدری صہیب ارشد کو کامیاب بنائیں گے۔

فریال تالپور نے کہا کہ آزاد کشمیر بھر سے مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کی پیپلز پارٹی میں شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت نے مختصر عرصے میں عوامی خدمت، شفاف طرز حکمرانی اور ترقیاتی اقدامات کے ذریعے عوام کا اعتماد حاصل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے صرف چھ ماہ میں اپنی کارکردگی سے ثابت کیا ہے کہ وہ عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے سنجیدہ ہے، اسی لیے مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی بااثر شخصیات جوق در جوق پارٹی میں شامل ہو رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عوامی طاقت پر یقین رکھنے والی جماعت ہے اور حکومت بلاامتیاز آزاد کشمیر کے تمام علاقوں کی ترقی، نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع، میرٹ کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ حلقہ کھڑی شریف چوہدری نور حسین، چوہدری خادم حسین اور مرحوم بیرسٹر سلطان محمود کے خاندان کا آبائی حلقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر برقیات چوہدری ارشد حسین کی جانب سے عوامی مطالبے پر اپنے صاحبزادے چوہدری صہیب ارشد کو پیپلز پارٹی کا امیدوار نامزد کرنا ایک درست فیصلہ ہے۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ چوہدری صہیب ارشد کی قیادت میں حلقہ کھڑی شریف میں پارٹی کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close