پنجاب میں سرکاری ملازمین کی بیواؤں اور کنواری بیٹیوں کیلئے تاحیات پنشن بحال
پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کے لواحقین کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے بیواؤں اور غیر شادی شدہ بیٹیوں کے لیے تاحیات پنشن کی سہولت دوبارہ بحال کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی منظوری کے بعد محکمہ خزانہ نے اس فیصلے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
اس سے قبل حکومت نے ملازم کی وفات کے بعد بیوہ یا بیٹی کے لیے پنشن کی مدت 10 سال تک محدود کر دی تھی، تاہم اب اس شرط کو ختم کرتے ہوئے مستحق بیواؤں اور غیر شادی شدہ بیٹیوں کے لیے تاحیات مالی معاونت بحال کر دی گئی ہے۔
ترمیمی قوانین کے مطابق پنشن کی ادائیگی مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت کی جائے گی۔ بیوائیں اور غیر شادی شدہ بیٹیاں عمر بھر پنشن حاصل کرنے کی اہل ہوں گی، تاہم اگر کوئی بیوہ دوسری شادی کر لے گی تو اس کی پنشن فوری طور پر بند کر دی جائے گی۔
اگر کسی متوفی سرکاری ملازم کی ایک سے زیادہ بیوائیں ہوں گی تو پنشن کی مجموعی رقم تمام بیواؤں میں مساوی طور پر تقسیم کی جائے گی۔
یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے حالیہ اجلاس میں کیا گیا، جس کا مقصد سرکاری ملازمین کے انتقال کے بعد ان کے اہل خانہ کو مستقل معاشی تحفظ فراہم کرنا اور انہیں مالی مشکلات سے محفوظ رکھنا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






