عوام کو گمراہ کرنے کی کوششیں ناکام ہوں گی، فیصل ممتاز راٹھور

ممتاز آباد، پلنگی: آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور اپنے حلقہ انتخاب کے دورے پر ممتاز آباد اور پلنگی پہنچے، جہاں محمود گلی کے مقام پر پاکستان پیپلز پارٹی کی ذیلی تنظیموں، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن (PSF) اور پیپلز یوتھ آرگنائزیشن (PYO) کے کارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ کارکنوں نے وزیراعظم کے قافلے کو اپنے حصار میں لے لیا جبکہ فضا “جئے بلاول”، “جئے فریال” اور “جئے فیصل” کے نعروں سے گونجتی رہی۔

پلنگی میں وزیراعظم کے استقبال کے لیے نکالی گئی ریلی ایک بڑے عوامی جلسے میں تبدیل ہو گئی، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن)، پاکستان تحریک انصاف اور استحکام پاکستان پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں کارکنوں نے اپنی جماعتوں سے مستعفی ہو کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی اور وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حویلی کے عوام کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ان کے ووٹوں کی طاقت سے پہلے ان کے والد، سابق وزیراعظم راجہ ممتاز حسین راٹھور، اور آج وہ خود وزیراعظم منتخب ہوئے، جو دراصل حویلی کے عوام کا اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے صرف سات ماہ کے مختصر عرصے میں حویلی کو ایسے ترقیاتی منصوبے دیے جو گزشتہ 75 برس میں بھی نہ مل سکے۔ ان منصوبوں میں دانش اسکول، گرڈ اسٹیشن، ڈبل وے شاہراہ، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال خورشید آباد، آر سی سی پل، رابطہ پل اور مختلف سڑکوں کی تعمیر شامل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت وعدوں کے بجائے عملی کام پر یقین رکھتی ہے اور حویلی سمیت پورے آزاد جموں و کشمیر کی متوازن ترقی، عوامی فلاح اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ترقی کا یہ سفر مزید تیزی سے جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے ہمیشہ پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا ہے اور پارٹی نے بھی کبھی عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائی۔ ان کے بقول، حکومت کا مقصد صرف منصوبوں کے اعلانات نہیں بلکہ انہیں مقررہ مدت میں مکمل کرکے عوام تک ان کے ثمرات پہنچانا ہے۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ تعلیم، صحت، مواصلات اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ دانش اسکول، گرڈ اسٹیشن، جدید شاہراہیں، پل اور اسپتال حویلی کی تقدیر بدلنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوششیں ناکام ہوں گی کیونکہ عوام کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے کرتے ہیں، اور سات ماہ کے دوران حکومت کے عملی اقدامات اس کی بہترین مثال ہیں۔

وزیراعظم نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے کارکنوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک عوامی جماعت ہے اور اس کے دروازے ہر اس شخص کے لیے کھلے ہیں جو عوام کی خدمت اور آزاد جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی حویلی سمیت آزاد جموں و کشمیر کے تمام علاقوں میں بلاامتیاز ترقیاتی منصوبے جاری رکھے جائیں گے اور عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے۔

جلسے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہو کر پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے کارکنوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close