آٹے کے نئے سرکاری نرخ جاری ، اب قیمت کیا ہو گی ؟

کراچی میں آٹے کے نئے سرکاری نرخ جاری، ضلعی انتظامیہ کو سخت عملدرآمد کی ہدایت

کراچی میں آٹے کی مختلف اقسام کے نئے سرکاری نرخ جاری کر دیے گئے ہیں۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہول سیل اور ریٹیل سطح پر آٹے کی قیمتوں کا ازسرنو تعین کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو مقررہ سرکاری نرخوں پر آٹا دستیاب ہو اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کی جا سکے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق عام آٹا (ڈھائی نمبر) کی ہول سیل قیمت 122 روپے فی کلوگرام جبکہ ریٹیل سرکاری نرخ 125 روپے فی کلوگرام مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح فائن آٹے کی ہول سیل قیمت 132 روپے فی کلوگرام اور ریٹیل قیمت 135 روپے فی کلوگرام مقرر کی گئی ہے، جبکہ چکی کے آٹے کی سرکاری قیمت 145 روپے فی کلوگرام مقرر کر دی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ سرکاری نرخوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور مقررہ قیمت سے زائد وصولی کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ آٹا صرف سرکاری نرخوں پر خریدیں اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ انتظامیہ کو فوری اطلاع دیں۔

دوسری جانب پشاور میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق صرف دو روز کے دوران 20 کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 250 روپے اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 2,900 روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔

اوپن مارکیٹ میں فائن آٹا، اسپیشل آٹا، مکس آٹا، سرخ آٹا اور میدے کی قیمتوں میں بھی مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے شہریوں پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔

ادھر تندور مالکان کا کہنا ہے کہ پیداواری لاگت میں اضافے کے باعث روٹی کا وزن مزید کم کرنا پڑا ہے۔ ان کے مطابق پنجاب سے آٹے کی سپلائی میں رکاوٹوں اور پابندیوں کے باعث قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، جس کے اثرات روٹی کی قیمت اور وزن دونوں پر پڑ رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close