پنجاب میں ڈیجیٹل ادائیگیوں پر ٹیکس کا نیا نظام نافذ، ریسٹورنٹس میں ای پیمنٹ پر 50 فیصد رعایت
پنجاب بھر میں ڈیجیٹل ادائیگیوں پر ٹیکس کٹوتی کا نیا نظام نافذ کر دیا گیا ہے، جس کے تحت مختلف شعبوں میں ٹیکس کی نئی شرحیں مقرر کی گئی ہیں۔ نئے نظام کا مقصد ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینا، ٹیکس وصولی کو شفاف بنانا اور دستاویزی معیشت کو مضبوط کرنا ہے۔
ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ اور دیگر ای پیمنٹ ذرائع سے کی جانے والی ادائیگیوں پر کٹنے والا ٹیکس براہِ راست سرکاری خزانے میں منتقل ہوگا، جس سے ٹیکس وصولی کا عمل مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے گا۔
نئے ٹیکس نظام کے تحت بیوٹی پارلرز، سیلونز، فیشن ڈیزائنرز، کاسمیٹک سرجری، پلاسٹک سرجری، جلد اور لیزر ٹریٹمنٹ جیسی خدمات پر 5 فیصد ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔
اسی طرح ایونٹ مینجمنٹ، ٹور آپریٹرز، جم، فٹنس سینٹرز اور لانڈری سروسز پر 8 فیصد ٹیکس لاگو ہوگا۔
ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے لیے ادائیگی کے طریقہ کار کے مطابق مختلف ٹیکس شرحیں مقرر کی گئی ہیں۔ کیش ادائیگی پر 16 فیصد جبکہ کریڈٹ کارڈ یا دیگر ڈیجیٹل ذرائع سے ادائیگی کرنے پر 8 فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا، یعنی ڈیجیٹل ادائیگی کرنے والے صارفین کو 50 فیصد ٹیکس رعایت حاصل ہوگی۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کھانے پینے کی جگہوں پر خریداری یا کھانے کے بعد لازمی طور پر پکی رسید حاصل کریں، جبکہ رسید جاری نہ کرنے والے فوڈ آپریٹرز کے خلاف متعلقہ حکام کو شکایات درج کروا کر ٹیکس نظام کو شفاف بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔






