اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 7 سے 9 جولائی کے دوران جے ایس آر/سکردو-رونڈو روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق شمالی علاقوں میں بارشوں اور زمینی کٹاؤ کے باعث سکردو اور ملحقہ علاقوں، جن میں برومدو نالہ، چمچو، مالوپا، ڈمبوڈاس، ٹورمک اور ہراموش کے علاقے شامل ہیں، میں مقامی سطح پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ مقامی نالوں میں طغیانی، زمینی کٹاؤ اور مٹی و پتھروں کے تودے گرنے سے سفر خطرناک ہو سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے نے مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ پہاڑی راستوں پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور خطرناک ڈھلوانوں کے قریب انتہائی احتیاط برتیں۔
نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے مقامی انتظامیہ کو بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات مکمل رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ تازہ صورتحال اور حفاظتی ہدایات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی حاصل کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






