بجلی غائب شہری پریشان، مختلف علاقوں میں اندھیرا چھا گیا

لاہور: شدید حبس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم بجلی کے ترسیلی نظام میں خرابی کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، شملہ پہاڑی، جیل روڈ، اپر مال، مغل پورہ، تاجپورہ، چوک ناخدا، پانی والا تالاب، فرخ آباد، گلشن راوی، سمن آباد، شادی پورہ اور سگیاں سمیت مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق سگیاں میں 40.2 ملی میٹر، پانی والا تالاب میں 39.2 ملی میٹر، چوک ناخدا میں 37.4 ملی میٹر، لکشمی چوک میں 35 ملی میٹر اور فرخ آباد میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، جبکہ دیگر علاقوں میں بھی مختلف مقدار میں بارش ہوئی۔

بارش کے باعث لیسکو کا بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہوا اور 70 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔

فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث قلعہ گجر سنگھ، سمن آباد، والٹن روڈ، آر اے بازار، ہربنس پورہ، شالیمار، عامر ٹاؤن، باغبان پورہ، شاہدرہ اور اندرون لاہور کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close