پی ٹی آئی کے بائیکاٹ کے اعلان نے پارٹی امیدواروں کو شدید مشکل میں ڈال دیا

مظفرآباد: آزاد کشمیر انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بائیکاٹ کے اعلان نے پارٹی امیدواروں کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر دیا، جبکہ الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی واپس نہ لینے والے امیدواروں کو انتخابی نشانات بھی الاٹ کر دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان تو کیا گیا، تاہم پارٹی قیادت کی مبہم پالیسی کے باعث امیدوار تذبذب کا شکار ہیں کہ انتخابات میں حصہ لیں یا دستبردار ہو جائیں۔

اطلاعات کے مطابق 31 امیدواروں میں سے صرف ایک امیدوار ہی اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکا، جبکہ پارٹی فیصلے سے اختلاف پر دو امیدوار پاکستان استحکام پارٹی (آئی پی پی) میں شامل ہو گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر سردار عبدالقیوم نیازی سمیت 28 امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپس نہیں لے سکے، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے انہیں آزاد امیدواروں کے طور پر انتخابی نشانات الاٹ کر دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نامزد امیدوار اب بھی پارٹی قیادت کے حتمی فیصلے کے منتظر ہیں، جبکہ بائیکاٹ اور انتخابی مہم سے متعلق غیر واضح پالیسی نے پارٹی قیادت کو بھی مشکل صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close