تعلیمی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، طلبہ کو جدید سہولیات فراہم کریں گے، وزیراعظم

اسلام آباد:

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے دانش سکول حویلی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ہارون داس، پراجیکٹ منیجر منیر احمد اور پراجیکٹ ڈائریکٹر حق نواز نے وزیراعظم ہاؤس مظفرآباد میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دانش سکول حویلی کے منصوبے پر جاری پیش رفت، تعمیراتی امور اور منصوبے کی بروقت تکمیل سے متعلق مختلف معاملات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وفد نے وزیراعظم کو منصوبے کی موجودہ پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے آئندہ مراحل کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت معیاری تعلیم کے فروغ کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکول کا منصوبہ پسماندہ علاقوں کے ذہین اور مستحق طلبہ کو بہترین تعلیمی مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل مقررہ مدت میں یقینی بنائی جائے اور تعمیراتی و تعلیمی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے تاکہ طلبہ کو بہترین تعلیمی ماحول اور جدید سہولیات میسر آ سکیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close