5 جولائی ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن، آمریت کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے: چوہدری محمد یاسین, فیصل ممتاز راٹھور

پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین اور وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر و جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے 5 جولائی 1977ء کو قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے اور پاکستان میں جمہوریت پر شب خون مارنے کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ 5 جولائی پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، جب عوام کے ووٹ کی طاقت کو پامال کرتے ہوئے آئین، جمہوریت اور عوامی مینڈیٹ پر حملہ کیا گیا۔ اس غیر آئینی اقدام نے نہ صرف ملک کے جمہوری سفر کو نقصان پہنچایا بلکہ قومی اداروں، آئین کی بالادستی اور عوام کے بنیادی حقوق کو بھی شدید متاثر کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو متفقہ آئین، ایٹمی پروگرام، مزدور، کسان اور عام آدمی کو بااختیار بنانے کی سیاست دی۔ ان کی جدوجہد آج بھی جمہوریت، آئین اور عوامی حقِ حکمرانی پر یقین رکھنے والوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی ہر دور میں آمریت کے خلاف ڈٹ کر کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی جمہوری اقدار، آئین کی سربلندی اور عوامی حقِ حکمرانی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
چوہدری محمد یاسین اور فیصل ممتاز راٹھور نے پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے تمام ضلعی، ڈویژنل، سٹی اور تحصیل عہدیداران کو ہدایت کی ہے کہ 5 جولائی کے موقع پر اپنے اپنے اضلاع اور ڈویژنوں میں ریلیاں، احتجاجی اجتماعات کا انعقاد کریں، آمریت اور غیر آئینی اقدامات کے خلاف بھرپور آواز بلند کریں اور عوام کو جمہوریت، آئین کی بالادستی اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کی لازوال جدوجہد سے آگاہ کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close