آزاد جموں و کشمیر کی سیاست میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں سابق وزیراعظم تنویر الیاس کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کو ایک اور بڑا دھچکا لگ گیا۔ پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے نائب صدر، ممبر کشمیر کونسل اور موجودہ وزیراعظم راجا فیصل ممتاز راٹھور کے قریبی ساتھی خواجہ طارق سعید نے اپنے ساتھیوں سمیت پارٹی عہدے اور بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق حویلی سے تعلق رکھنے والے خواجہ طارق سعید ایڈووکیٹ نے اپنی برادری اور سیاسی حامیوں سمیت پیپلزپارٹی کے ساتھ طویل سیاسی وابستگی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس سے آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال میں نئی ہلچل پیدا ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق خواجہ طارق سعید اسلام آباد پہنچ کر استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں شمولیت اختیار کریں گے۔ اطلاعات ہیں کہ وہ آئندہ انتخابات میں استحکام پاکستان پارٹی کے ٹکٹ پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فیصل ممتاز راٹھور کے مقابلے میں حویلی سے انتخاب لڑنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی کی جانب سے وزیراعظم آزاد کشمیر کے حلقے سے ایک اور ممبر کشمیر کونسل اور سابق رکن اسمبلی سے بھی رابطے جاری ہیں اور جلد مزید اہم سیاسی شخصیات کی شمولیت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق خواجہ طارق سعید کی پیپلزپارٹی سے علیحدگی آزاد کشمیر کی سیاست میں اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے، جس کے اثرات آئندہ سیاسی صف بندیوں اور انتخابی منظرنامے پر مرتب ہو سکتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






