وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس میں 1,712 خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کر دیا ہے اور نوجوانوں کو ملازمت کے اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا کہ اسلام آباد پولیس میں ملازمت کے لیے آن لائن درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ میں صرف چار دن باقی رہ گئے ہیں، لہٰذا دلچسپی رکھنے والے امیدوار جلد از جلد اپنی درخواستیں جمع کرائیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس میں بھرتیوں کے لیے ملک کے تمام صوبوں کے نوجوانوں کے لیے کوٹہ مختص کیا گیا ہے اور پورا بھرتی عمل مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر انجام دیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی سفارش، سیاسی دباؤ یا غیر قانونی اثر و رسوخ استعمال کرنے والے امیدواروں کو فوری طور پر نااہل قرار دے دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے امیدواروں کی سہولت کے پیش نظر ان کے قریبی علاقوں میں امتحانی مراکز بھی قائم کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ملک بھر کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اسلام آباد پولیس کا حصہ بنیں اور فخر کے ساتھ پاکستان کی خدمت میں اپنا کردار ادا کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






