پیٹرول کی قلت کا خدشہ، سپلائی متاثر

لاہور: صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، جبکہ آئل ڈپوز سے سپلائی متاثر ہونے کے باعث متعدد پٹرول پمپس کو بروقت تیل فراہم نہیں کیا جا سکا۔

پٹرول پمپس ذرائع کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف آئل ڈپوز پر کسٹمز اور ایف آئی اے کی جانب سے چھاپوں اور اسٹاک کی جانچ پڑتال کے باعث آئل ٹینکرز کی روانگی میں تاخیر ہوئی، جس سے سپلائی کا نظام متاثر ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کے باعث لاہور اور دیگر علاقوں کے متعدد پٹرول پمپس کو آج پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی نہیں مل سکی، جبکہ کئی پمپس پر صرف ایک دن کے لیے دستیاب تیل کا ذخیرہ باقی رہ گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق محمود کوٹ اور گھٹی آئل ڈپوز سے آج ایک بھی آئل ٹینکر روانہ نہیں ہوا، حالانکہ معمول کے مطابق ان دونوں ڈپوز سے روزانہ ڈیڑھ سو سے زائد آئل ٹینکر مختلف پٹرول پمپس کو سپلائی کے لیے بھیجے جاتے ہیں۔

پٹرول پمپس ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پیٹرول کی قیمت میں ممکنہ کمی کی توقع کے باعث متعدد پمپ مالکان نے معمول سے کم مقدار میں تیل منگوایا تھا، جس سے موجودہ صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اگر سپلائی کا یہ تعطل برقرار رہا تو لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں پیٹرول کی دستیابی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close