بلاول بھٹو زرداری کا آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے دوران ہر ضلع کا دورہ کرنے کا بڑا اعلان

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا ہے کہ وہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات کی انتخابی مہم کے دوران ریاست کے ہر ضلع کا دورہ کریں گے۔

وفاقی دارالحکومت میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین اور جنرل سیکریٹری و وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے ملاقات کے دوران انہیں انتخابی مہم اور تنظیمی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی، جس پر بلاول بھٹو زرداری نے اطمینان کا اظہار کیا۔

ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے کئی اہم رہنما، جن میں سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس، وزیر زراعت چوہدری علی شان سونی اور سابق وزیر صحت انصار ابدالی شامل ہیں، اپنے ساتھیوں سمیت مستعفی ہو کر استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہو چکے ہیں۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام ان کے دل کے بہت قریب ہیں اور وہ انتخابی مہم کے سلسلے میں ریاست کے ہر ضلع کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہی وہ بنیاد ہے جس پر پاکستان پیپلز پارٹی قائم ہوئی اور انہوں نے عالمی سطح پر ہمیشہ کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں اٹھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کشمیری عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر آئینی اور قانونی فورم پر ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے پارٹی قیادت کو ہدایت کی کہ عوامی رابطہ مہم فوری طور پر تیز کی جائے اور پارٹی منشور کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچایا جائے تاکہ آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے عوامی خدمت کا سلسلہ آگے بڑھایا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close