پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق موجودہ حالات میں انتخابات میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ سیاسی حکمت عملی نہیں بلکہ کشمیری عوام کے ساتھ اصولی یکجہتی کا اظہار ہے۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر اس وقت شدید سیاسی اور انسانی بحران سے گزر رہا ہے۔ راولاکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں عوام اپنے مطالبات کے حق میں دھرنے دے رہے ہیں جبکہ طاقت کے استعمال سے قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ پارٹی کے مطابق اشیائے خورونوش کی ترسیل میں رکاوٹ کے باعث عوام مشکلات کا شکار ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ آزاد کشمیر کی آئینی، جمہوری اور سیاسی شناخت کو مجروح کیا جا رہا ہے، سیاسی کارکنوں کے خلاف کارروائیاں اور گرفتاریاں کی جا رہی ہیں جبکہ اظہارِ رائے کی آزادی محدود اور میڈیا پر قدغنیں عائد ہیں۔ ایسے ماحول میں انتخابی عمل اپنی ساکھ اور معنویت کھو دیتا ہے۔
کور کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات افہام و تفہیم سے حل کیے جائیں، انتخابی شیڈول پر نظرثانی کی جائے اور تمام سیاسی جماعتوں کو مساوی اور آزادانہ انتخابی ماحول فراہم کیا جائے۔
پی ٹی آئی نے اعلان کیا کہ حالات معمول پر آنے تک انتخابات میں حصہ نہیں لیا جائے گا۔ پارٹی نے پارلیمانی بورڈ کی جانب سے ٹکٹوں سے متعلق تمام سفارشات بھی فوری طور پر معطل کر دی ہیں اور ٹکٹوں کے اجرا سے متعلق تمام امور آئندہ فیصلے تک موخر کر دیے گئے ہیں۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ آزاد، منصفانہ اور پرامن سیاسی ماحول کے بغیر انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






